بھارت کو مذاکرات کی بحالی کی دعوت دی، منفی جواب پر مایوس ہوئی: وزیراعظم

اسلام آباد(نیٹ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے مذاکرات کی بحالی کی دعوت پر بھارت کے منفی جواب کو مایوس کن قرار دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو ان کے تہنیتی پیغام کے جواب میں خط لکھا تھا جس میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی پر زور دیا تھا اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات کی تجویز دی تھی۔
بھارت وزرائے خارجہ ملاقات طے کرکے مُکر گیا

بھارت کی جانب سے وزیراعظم کی تجویز پہلے قبول کی گئی اور ملاقات طے کردی گئی تھی تاہم اچانک بھارت ایک بار پھر پیچھے ہٹا اور اس ملاقات کو منسوخ کردیا۔

پاکستان کی جانب سے بھارتی رویئے کی شدید مذمت کی گئی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسے بھارتی حکومت پر داخلی دباؤ قرار دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی بھارت کی جانب سے مذاکرات کے جواب میں منفی رویئے کو مایوس کن قرار دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’بھارت کو امن مذاکرات کی بحالی کی دعوت دی تھی لیکن بھارت کے منفی جواب پرمایوسی ہوئی‘۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا نام لیے بغیر کہا ’ انہوں نے اپنی زندگی میں بڑے عہدوں پر ایسے کئی چھوٹے لوگوں کو دیکھا ہے جو معاملات کو وسعت نظری سے دیکھنے کی صلاحیت نہیں رکھتےـ‘۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے ہیں جہاں وہ دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے،۔

یہ بھی چیک کریں

جہانگیر ترین کی لاہور میں سیاسی سرگرمیاں

لاہور(نیٹ نیوز) تیمور لالی اور مشیر وزیراعلیٰ فیصل حیات جبوانہ کی جہانگیر ترین سے ملاقات۔ …