تازہ ترین خبریں
پاکستان میں کورونا سے 9 ہلاکتیں، مصدقہ کیسز کی تعداد 1300 ہوگئی

پاکستان میں کورونا سے 9 ہلاکتیں، مصدقہ کیسز کی تعداد 1300 ہوگئی

لاہور (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی جبکہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 1300 تک جا پہنچی ہے۔

ملک میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 9 ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں سے پنجاب میں 3، خیبرپختونخوا میں 3 جب کہ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

پنجاب میں بدھ اور جمعرات کے روز پے در پے ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی جہاں بدھ کے روز راولپنڈی میں بیرون ملک سے آنے والی خاتون چل بسیں جب کہ جمعرات کو لاہور میں کورونا سے ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی جو اب تک شہر میں وائرس سے دوسری ہلاکت ہے۔

پاکستان میں مہلک وائرس سے اب تک 25 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، 2 اسلام آباد، 2 کا خیبر پختونخوا اور ایک کا پنجاب سے ہے۔

ملک میں کورونا کی آج کی صورتحال
آج بروز جمعہ پاکستان میں کورونا وائرس کے اب تک 77 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پنجاب
آج بروز جمعہ سرکاری پورٹل پر پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 408 بتائی گئی ہے۔

جب کہ صوبائی محکمہ صحت نے ٹوئٹر کے ذریعے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں 103، گجرات 22، گوجرانوالہ 8، جہلم 19، راولپنڈی 14، ملتان 5 ، فیصل آباد 3، منڈی بہاوالدین 3، ناروال 2، رحیم یار خان 1، سرگودھا 1، اٹک 1، بہاولنگر 1 اور میانوالی میں 2 کنفرم کیسز ہیں۔

اس کے علاوہ ملتان میں 19 اور ڈی جی خان میں 207 زائرین میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک 3 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے ایک مریض راولپنڈی اور 2 لاہور میں جاں بحق ہوئے۔

پنجاب میں پہلا مریض صحت یاب
کرونا وائرس کے حوالے سے جنوبی پنجاب میں پہلی اچھی خبر سامنے آئی ہے جہاں مظفرگڑھ کے رجب طیب اردوان اسپتال میں زیرعلاج کرونا وائرس سے متاثرہ پہلی خاتون صحتیاب ہوگئیں جنہیں گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد
جمعہ کے روز سرکاری پورٹل پر اسلام آباد میں مزید 2 کیسز رپورٹ کیے گئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی کیسز کی تعداد 27 ہوگئی ہے تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کیسز کی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

سندھ
سندھ میں آج اب تک کورونا وائرس کے مزید 8 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 421 ہوگئی ہے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان کی جانب سے ان کیسز کی فی الحال کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

گزشتہ روز کراچی میں کورونا کے مزید 7 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد صرف کراچی میں کیسز کی تعداد 153 ہوگئی ہے۔

سندھ میں 14 افراد مہلک وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں جن میں سے 13 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ ایک مریض انتقال کرچکا ہے۔

خیبرپختونخوا
آج خیبر پختونخوا میں مزید 24 کیس سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

سرکاری پورٹل پر کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد صوبے میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 147 ہوگئی ہے۔

کے پی کے میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 2 مریض صحتیاب ہوگئے جنہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔

خیال رہے کہ صوبے میں اب تک 3 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

بلوچستان
جمعرات کو بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز سامنے آئے جس کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 131 ہوگئی جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے ترجمان کی جانب سے کی گئی۔

جعمرات کو رات گئے صوبائی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ صوبے میں 39 افرادکے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک میں بھی کورونا کی تصدیق نہیں ہوئی۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں بھی کورونا وائرس سے ایک شخص جاں ہوچکا ہے۔

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں بھی جعمرات کو 7 نئے کیسز مثبت آئے۔ مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 91 ہو گئی ہے۔

مشیر اطلاعات نے بتایا کہ نئے تمام 7 مریضوں کا تعلق ضلع اسکردو سے ہے۔

گلگت میں بدھ کے روز 2 مریض صحتیاب ہوئے تھے جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 6 ہوگئی تھی۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ خود بھی اسی مہلک وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

آزاد کشمیر
جمعرات کے روز میرپور آزاد کشمیر ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد آزاد کشمیرمیں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔

ڈپٹی کمشنرطاہر ممتاز کے مطابق 37 سالہ متاثرہ مریض 17 مارچ کو برطانیہ سے آیا تھا اور اسے دو روز قبل قرنطینہ میں منتقل کیا گیا تھا۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد چاروں صوبے لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں فوج تعینات ہے۔

آزاد کشمیر میں بھی منگل سے 3 ہفتوں کا لاک ڈاون شروع ہو گیا۔

سندھ میں باجماعات نماز پر پابندی عائد
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ حکومت نے ایک اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے بھر کی مساجد میں نماز کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی جو 27 مارچ سے 5 اپریل تک ہوگی۔
ملک بھر میں تمام مسافر ٹرینیں بند
وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کردیا ہے جس کے تحت 31 مارچ تک مسافر ٹرینیں بند رہیں گے۔ مزید پڑھیں۔۔

توبہ استغفار کے بغیر چھٹکارا ممکن نہیں، علمائے کرام
ملک کے جید علمائے کرام نے فتویٰ دیا ہے کہ وبا سے احتیاطی تدابیر کو اپنانا نبیﷺ کی سنّت ہے اور توبہ استغفار کے بغیر کورونا وائرس سے چھٹکارا ممکن نہیں۔

حکومت کا معاشی پیکیج
کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے معاشی پیکیج کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل 15 روپے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے جب کہ مزدوروں کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا سے انتقال کرنیوالوں کو تابوت میں دفنانے کی ہدایت
خیبر پختونخوا کے محکمہ ریلیف و بحالی نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی تدفین سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں۔

محکمے نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کا غسل اور تدفین کرنے والوں کو ماسک، دستانے اور دیگر حفاظتی تدایبر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کو پلاسٹک کور میں بند کرکے تابوت میں دفن کیا جائے، غسل کے دوران استعمال ہونے والے اشیاء کو فوری تلف کیا جائے جب کہ قریبی رشتہ داروں کو میت تابوت کے گلاس پین ونڈو میں دیکھنے کی اجازت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں

2 بھائیوں نے پاکستان کا پہلا الٹرا لائٹ ہیلی کاپٹر تیار کر لیا

2 بھائیوں نے پاکستان کا پہلا الٹرا لائٹ ہیلی کاپٹر تیار کر لیا

لاہور ( میڈیا 92 نیوزرپورٹ ) سبط سے 2 بھائیوں نے پاکستان کا پہلا الٹرا …