حمزہ شہباز کیس؛ پولیس کے طرز عمل سے ثابت ہوا ریاست ناکام ہوگئی، احتساب عدالت

حمزہ شہباز کیس؛ پولیس کے طرز عمل سے ثابت ہوا ریاست ناکام ہوگئی، احتساب عدالت

لاہور: احتساب عدالت نے حمزہ شہباز کیس میں ریمارکس دیے ہیں کہ پولیس کے طرز عمل سے ثابت ہوا ریاست ناکام ہوگئی۔

احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی تو جیل حکام نے حمزہ شہباز کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔

جج امجد نذیر چوہدری نے پوچھا کہ گزشتہ سماعت پر ملزم کو کیوں پیش نہیں کیا گیا؟۔ سپریٹنڈنٹ جیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے پولیس کے حوالے کردیا تھا۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز نے بتایا کہ ملزم نے بکتر بند گاڑی دیکھی تو بیٹھنے سے انکار کردیا۔
عدالت نے کہا کہ آپ کی تاریخ میں کب ایسا ہوا کہ ملزم نے انکار کردیا ہو کہ وہ نہیں جائے گا؟۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز نے جواب دیا یہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، پہلی مرتبہ ہوا اور اس کی ذمہ داری ملزم پر ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر ملزم آپ سے آگ لگانے کے لیے پیٹرول مانگے گا تو آپ دے دیں گے؟، آپ کے اس طرز عمل سے ثابت ہوا کہ ریاست ناکام ہو گئی ہے، اس کے بعد کیا توقع کی جاسکتی ہے کہ آپ کو ذمہ داری دی جائے۔

عدالت نے ایس پی ہیڈ کوارٹرز کے عدالت میں پیشی کے طریقہ کار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ پہلے کبھی کسی عدالت میں پیش ہوئے ہیں، کیا آپ یہاں کوئی جھگڑا کرنے آئے ہیں جو آستین کی کفیں اوپر ہیں۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔

حمزہ شہباز نے عدالت سے کہا کہ میں 17 ماہ سے عدالتوں میں پیش ہو رہا ہوں، گزشتہ سماعت کے لیے بھی میں بروقت جیل کے باہر نکل آیا تھا اور انکار نہیں کیا تھا، پولیس جان بوجھ کر میرے لیے بکتر بند گاڑی لائی، سب کو علم ہے میری کمر میں شدید تکلیف ہے، میں گاڑی کے لیے ڈھائی گھنٹے انتظار کرتا رہا اور پولیس والوں کو کہا کہ گاڑی تبدیل کرلیں اور عدالت لے کر چلو، کورونا وائرس میں جیل میں جیسے رہا ہوں میرا اللہ جانتا ہے، 17 ماہ تک مجھے بلٹ پروف گاڑی میں پیش کیا جاتا رہا، اب اچانک سے میرے لیے بکتر بند گاڑی آئی۔

عدالت نے حمزہ شہباز شریف کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 17 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہبازشریف کوپیش نہ کرنے کے حوالے سے رپورٹ کے متعلق آٸندہ سماعت پر فیصلہ کریں گے ، قانون کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں، یہ کیا طریقہ ہے کہ کسی کے لیے قانون کچھ اور ہے اور کسی کے لیے کچھ اور۔

یہ بھی پڑھیں

جاپان میں سپرنائنٹینڈو تھیم پارک تیار

جاپان میں سپرنائنٹینڈو تھیم پارک تیار

(میڈیا92نیوز)جاپان میں ماریو برادرز کے موضوع پر پہلا تھیم پارک تیار ہورہا ہے۔ فوٹو: سی …