لاہور قلندرز کے خواب چکنا چور، کراچی کنگز پہلی بار پی ایس ایل چیمپئن بن گیا

لاہور قلندرز کے خواب چکنا چور، کراچی کنگز پہلی بار پی ایس ایل چیمپئن بن گیا

کراچی: (میڈیا92نیوز) کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹ سے شکست دے کر پہلی بار پی ایس ایل چیمپئن بن گیا۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے بڑے معرکے میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 134 رنز بنائے جس کے جواب میں کراچی کنگز نے بابراعظم کی شاندار نصف سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔

کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابراعظم نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم شرجیل تیسرے اوور میں 13 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ بابراعظم نے الیکس ہیلز کے ساتھ اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم 49 کے مجموعی اسکور پر الیکس بھی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

جس کے بعد چیڈوک والٹن اور بابراعظم کے درمیان 50 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔ اس دوران بابراعظم نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف وکٹ روکے رکھی بلکہ اسکور بورڈ کو بھی آگے بڑھایا۔

بابراعظم نے 39 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جس میں 6 چوکے شامل تھے جب کہ والٹن نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ افتخار احمد صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ بابراعظم نے 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف، دلبر حسین نے 2،2 اور سمت پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو فخرزمان اور تمیم اقبال بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے اور محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پاور پلے میں بغیر کوئی وکٹ گنوائیں 37 رنز بنائے اور دونوں اوپنرز نے انتہائی سست بیٹنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 68 رنز بنائے۔

اننگز کے گیارویں اوور میں عمید آصف نے دونوں اوپننگ بلے بازوں کی اننگز کا خاتمہ کیا، تمیم اقبال کی اننگز کا خاتمہ ہوا وہ 38 گیندوں پر 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور فخرزمان نے 24 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ لاہور قلندرز کے سب سے اہم بلے باز محمد حفیظ بڑے معرکے میں ناکام ثابت ہوئے اور صرف 2 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

بین ڈنگ اور سمت پٹیل نے لاہور قلندرز کی ڈوبتی ہوئی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن سمت پٹیل صرف 5 رنز پر ہمت ہار بیٹھے اور بین ڈنگ بھی ان کے پیچھے پیچھے پویلین جاپہنچے، وہ بھی صرف 11 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کو ارشد اقبال نے پویلین بھیجا۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر بھی ناکام ثابت ہوئے اور صرف 14 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ محمد فیضان نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی، وہ بھی وقاص مقصود کا شکار بنے۔ شاہین آفریدی 12 اور ڈیوڈ ویزے 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال، عمید آصف، وقاص مقصود نے 2،2 اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کو چمچماتی ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ ڈالر بطور انعام دیا جائے گا جب کہ رنر اپ ٹیم کو 2 لاکھ روپے ملیں گے۔ اس کے ساتھ پلئیر آف دی ٹورنامنٹ، بہترین بیٹسمین، بہترین بولر اور اسپرٹ آف دی کرکٹ کے ایوارڈز بھی دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں

سال 2020 میں لاکھوں افراد موسمیاتی شدت کی باعث نقل مکانی پرمجبور،رپورٹ

سال 2020 میں لاکھوں افراد موسمیاتی شدت کی باعث نقل مکانی پرمجبور،رپورٹ

(میڈیا92نیوز)پاکستان میں ٹڈی دل کا حملہ ہوا اور کراچی سمیت ملک کے کئی علاقوں میں …