تازہ ترین خبریں
کورونا وائرس کی روک تھام:بزدار حکومت نے بڑے اقدامات کر لیے

کورونا وائرس کی روک تھام:بزدار حکومت نے بڑے اقدامات کر لیے

(میڈیا92نیوزآن لائن)

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 189مشتبہ کیسز ہیں اور پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے بروقت اقدامات کئے -پنجاب حکومت نے 3جنوری کو سب سے پہلے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اقدامات کاآغاز کیا ہے-محکمہ صحت میں کنٹرول روم قائم کیا گیاہے-

فوری طو رپر کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی،جو تواتر کے ساتھ اجلاس کررہی ہے اور اقدامات تجویز کرتی ہے اورقومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر صوبہ پنجاب میں فوری طو رپر عملدرآمد کیا گیاہے-وہ ملتان میں لیبر کمپلیکس میں قائم کئے گئے قرنطینہ مرکز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ آج صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ آفس میں منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں-

مری سمیت سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے -سیکرٹریٹ اورسرکاری دفاتر میں لوگوں کی آمد ورفت کو محدود کردیا گیاہے جبکہ دفاتر میں انتہائی ضروری سٹاف ہی حاضر ہوگا جبکہ دیگر عملہ سکائپ پر سرکاری امور سرانجام دے گا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ شاپنگ ہالزاور ریسٹورنٹس رات 10بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے-

میڈیکل سٹور اورجنرل سٹورز کھلے رہیں گے-فیکٹریاں اور منڈیا ں بھی کھلی رہیں گی-انہوں نے کہا کہ پنجاب میں قرنطینہ کی سہولت کو بہتر بنایاجائے گا-پنجاب حکومت دیگر صوبوں خصوصاً بلوچستان کی قرنطینہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے معاونت کرے گی اور بلوچستان کی حکومت کو تفتان میں قرنطینہ سنٹر کے قیام کے حوالے سے مدد دیں گے-انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے تفتان میں قرنطینہ مرکز قائم کرنے کا جائزہ لے رہی ہے-

محکمہ صحت کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے تقریباً 24کروڑ روپے جاری کئے جاچکے ہیں -محکمہ صحت کے لئے ایک ارب روپے کے مزید فنڈز بھی مختص کر دئیے ہیں -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے5ارب روپے کے خصوصی فنڈز کے قیام کا اعلان کیا-انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت ضرورت پڑنے پر ایک ہزار بستر وں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال بھی بنائے گی-ہسپتالوں میں 41 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس قائم کردئیے گئے ہیں-

لاہور،راولپنڈی او رمظفر گڑھ میں 3ہسپتالوں کو کورونا کے مریضوں کے لئے مخصوص کیا گیاہے-پنجاب میں دفعہ 144عائد کردی گئی ہے اورصوبے میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے-بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لیبرکمپلیکس میں قائم قرنطینہ مرکز کا دورہ کیا -وزیر اعلی نے قرنطینہ مرکز میں مریضوں کیلئے سہولتوں، صفائی کے انتظامات اور واش روم کا بھی معائنہ کیا-انہوں نے کہا کہ لیبرکمپلیکس میں تقریباً 3ہزار افراد کے لئے قرنطینہ کی گنجائش ہے-

قرنطینہ مرکز میں 100بیڈز پر مشتمل عارضی ہسپتال بھی قائم کیا گیا ہے-وزیر اعلی نے کہا کہ کورونا مریضوں کے لئے قا ئم ہسپتال میں ڈاکٹر او رطبی عملہ دن رات ڈیوٹی سرانجام دے گا – لیبرکمپلیکس میں قائم قرنطینہ مرکز میں ایران سے آ نے والے زائرین کو ٹھہرایاجائے گااورایران سے آنے والے زائرین کے کورونا ٹیسٹ بھی کئے جائیں گے-

وزیر اعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال میں آئسولیشن وارڈ بھی قائم کیا گیاہے -ملتان میں مزید 1440 بیڈز کی گنجائش موجود ہے -زائرین کی دیکھ بھال اور ضروری امورکی انجام دہی کے لئے 300 افراد پر مشتمل عملہ فرائض سرانجام دے گا- شوکت خانم کینسر ہسپتال کے ڈاکٹرفیصل سلطان، ایم پی اے سبین گل خان، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری سپشلائز ڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے –

یہ بھی پڑھیں

اصل تبدیلی تو سعودی عرب میں آئی ہے،سعودی خاتون نے ایسا کام شروع کر دیا کہ نوجوانوں کی لائنیں لگ  گئیں

اصل تبدیلی تو سعودی عرب میں آئی ہے،سعودی خاتون نے ایسا کام شروع کر دیا کہ نوجوانوں کی لائنیں لگ گئیں

لاہور(میڈیا 92 نیوز رپورٹ) ڈاکٹر ماجد خان سے اصل تبدیلی تو سعودی عرب میں آئی …