پنجاب میں سب سے زیادہ 5 ہلاکتیں، ملک بھر میں کیسز کی تعداد 1400 سے تجاوز

پنجاب میں سب سے زیادہ 5 ہلاکتیں، ملک بھر میں کیسز کی تعداد 1400 سے تجاوز

لاہور (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی اور ملک بھر میں سب سے زیادہ 5 ہلاکتیں اب تک پنجاب میں ہوئی ہیں جب کہ ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 1450 تک جا پہنچی ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 11 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جن میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 5 ہلاکتیں ہوئی ہیں جہاں لاہور میں 3، فیصل آباد اور راولپنڈی میں ایک ایک ہلاکت ہوئی جب کہ خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، سندھ اور گلگت میں ایک ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

آج ملک میں کورونا کے کیسز کی صورتحال
آج بروز ہفتہ اب تک پاکستان میں کورونا وائرس کے 75 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

سندھ
سندھ میں آج بروز ہفتے اب تک کورونا وائرس کے 17 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں تاہم صوبائی ترجمان کی جانب سے ان کیسز کی تصدیق ابھی نہیں کی گئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں مزید 17 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 440 سے بڑھ کر 457 ہوگئی ہے۔

سندھ میں جمعے کو کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز سامنے آئے تھے جن میں 11 نئے کیسز کراچی میں سامنے آئے جو لوکل ٹرانسمیشن کے تھے اور حیدرآباد میں لوکل ٹرانسمیشن کا ایک کیس سامنا آیا جب کہ لاڑکانہ میں ایران سے آئے 7 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

گزشتہ روز کراچی میں نئے کیسز کے بعد شہر میں کیسز کی کل تعداد 164 ہوگئی جب کہ حیدرآباد میں 3 کیسز ہوچکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں اب تک 14 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں سے 13 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ اب تک سندھ میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

اسلام آباد
ہفتے کے روز سرکاری پورٹل پر اسلام آباد میں مزید 12 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں جن کی تصدیق ضلعی حکومت کی جانب سے تاحال نہیں کی گئی البتہ سرکاری پورٹل پر نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد شہر میں کیسز کی مجموعی تعداد 39 ہوگئی ہے۔

بلوچستان
بلوچستان میں آج کورونا وائرس کے اب تک 2 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے تاہم صوبائی ترجمان نے ان کیسز کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں مزید 2 کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 133 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں بھی کورونا وائرس سے ایک شخص جاں ہوچکا ہے۔

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں آج ہفتے کے روز اب تک کورونا کے مزید 4 کیسز سامنے آچکے ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے تاہم صوبائی ترجمان نے فوری طور پر ان کیسز کی تصدیق نہیں کی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گلگت بلتستان میں مزید 4 کیسز کے بعد علاقے میں مجموعی کیسز کی تعداد 107 ہوگئی ہے۔

گلگت میں بدھ کے روز 2 مریض صحتیاب ہوئے تھے جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 6 ہوگئی تھی۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ خود بھی اسی مہلک وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب
جمعہ کے روز پنجاب میں کورونا کے 2 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

لاہور کے میو اسپتال میں 73 سالہ بزرگ اور فیصل آباد میں 22 سالہ نوجوان کورونا وائرس سے جاں بحق ہوا۔

میو اسپتال کے کورونا وارڈ میں 73 سالہ مریض کی طبیعت بگڑی تو عملے نے بجائے آکسیجن یا دوا دینے کے اسے بیڈ سے باندھ دیا جس پر مریض چیختا چلاتا رہا اور طبی امداد نہ ملنے کے باعث انتقال کرگیا۔

پنجاب میں اب تک کی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کرونا متاثرین کی مجموعی تعداد 497 ہوگئی ہے۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے کنفرم مریض 497
لاہور 116
گجرات 51
جہلم 19
راولپنڈی 15
گوجرانوالہ 9
فیصل آباد 9
ڈی جی خان 5
ملتان 3
منڈی بہاوالدین 4
سرگودھا ,میانوالی ,ننکانہ صاحب 2
ناروال, رحیم یار خان, اٹک , بہاولنگر, خوشاب1
زائرین (ملتان ) 46
زائرین (ڈی جی خان ) 207
اموات 5

خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک 5 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 3 لاہور ، ایک فیصل آباد اور ایک مریض کا راولپنڈی میں انتقال ہوا۔

خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا میں جمعے کو کورونا وائرس کے مزید 57 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 180 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں اب تک اموات کی تعداد 3 ہے۔

واضح رہےکہ کے پی کے میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 2 مریض صحتیاب ہوگئے جنہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔

آزاد کشمیر
جمعرات کے روز میرپور آزاد کشمیر ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد آزاد کشمیرمیں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔

ڈپٹی کمشنرطاہر ممتاز کے مطابق 37 سالہ متاثرہ مریض 17 مارچ کو برطانیہ سے آیا تھا اور اسے دو روز قبل قرنطینہ میں منتقل کیا گیا تھا۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد چاروں صوبے لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں فوج تعینات ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

آزاد کشمیر میں بھی منگل سے 3 ہفتوں کا لاک ڈاون شروع ہو گیا۔

سندھ کے لاک ڈاؤن میں مزید سختی
سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید 3 گھنٹے کی سختی کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد آج سے شام 5 بجے سے صبح آٹھ 8 تک لاک ڈاؤن میں سختی ہوگی۔

سندھ اور پنجاب میں باجماعات نماز پر پابندی عائد
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ حکومت نے ایک اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے بھر کی مساجد میں نماز کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی جو 27 مارچ سے 5 اپریل تک ہوگی۔

سندھ کے بعد پنجاب حکومت نے بھی اس سلسلے میں آج ایک ایڈوائزری جاری کی اور مساجد میں نمازیوں کی تعداد محدود کرتے ہوئے اجتماعات پر پابندی لگادی۔ مزید پڑھیں۔۔

ملک بھر میں تمام مسافر ٹرینیں بند
وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کردیا ہے جس کے تحت 31 مارچ تک مسافر ٹرینیں بند رہیں گے۔ مزید پڑھیں۔۔

حکومت کا معاشی پیکیج
کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے معاشی پیکیج کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل 15 روپے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے جب کہ مزدوروں کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

توبہ استغفار کے بغیر چھٹکارا ممکن نہیں، علمائے کرام
ملک کے جید علمائے کرام نے فتویٰ دیا ہے کہ وبا سے احتیاطی تدابیر کو اپنانا نبیﷺ کی سنّت ہے اور توبہ استغفار کے بغیر کورونا وائرس سے چھٹکارا ممکن نہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا سے انتقال کرنیوالوں کو تابوت میں دفنانے کی ہدایت
خیبر پختونخوا کے محکمہ ریلیف و بحالی نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی تدفین سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں۔

محکمے نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کا غسل اور تدفین کرنے والوں کو ماسک، دستانے اور دیگر حفاظتی تدایبر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کو پلاسٹک کور میں بند کرکے تابوت میں دفن کیا جائے، غسل کے دوران استعمال ہونے والے اشیاء کو فوری تلف کیا جائے جب کہ قریبی رشتہ داروں کو میت تابوت کے گلاس پین ونڈو میں دیکھنے کی اجازت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں

یکم جون سے پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی کی سفارش

یکم جون سے پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی کی سفارش

آئل اینڈ گیسریگولیشن اتھارٹی (اوگرا) نے یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل …