تازہ ترین خبریں
فردوس عاشق کی جگہ لیفٹیننٹ (ر) عاصم سلیم باجوہ معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر

فردوس عاشق کی جگہ لیفٹیننٹ (ر) عاصم سلیم باجوہ معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو ان کے عہدے سے ہٹادیا گیا اور ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی اطلاعات مقرر کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز کو وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

عاصم سلیم باجوہ اس وقت چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین کے عہدے پر کام کررہے ہیں۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کواعزازی حیثیت میں معاون خصوصی تعینات کیاگیا ہے اور فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی اطلاعات کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن جاری کے مطاق لیفٹنٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ کی بطور معاون خصوصی تقرری کا اطلاق فوری طورپرہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد ایوان سینیٹ شبلی فراز کل وفاقی وزیر کا حلف اٹھائیں گے، صدر مملکت عارف علوی ان سے وفاقی وزیر کا حلف لیں گے، تقریب ایوان صدر میں ہوگی جس میں وفاقی وزرا، اور دیگر اعلیٰ حکام شرکت کریں گے، حلف اٹھانے کے بعد کابینہ ڈویژں باضابطہ نوٹیفکیشنن جاری کرے گا۔

اس سلسلے میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بتایا کہ سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز کو وزیر اطلاعات و نشریات بنایا گیا ہے جبکہ پاک فوج کے سابق ترجمان لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات بنایا گیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ان دونوں پر مشتمل ٹیم بہترین کام کرے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد فواد چوہدری کو ہی وزارت اطلاعات و نشریات کا قلمدان ملا تھا تاہم بعد میں ان سے یہ وزارت واپس لے کر فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی اطلاعات بنادیا گیا تھا۔

فردوس عاشق اعوان کی تقرری پر فواد چوہدری نے تنقید بھی کی تھی اور کہا تھا کہ منتخب لوگوں کو غیر منتخب لوگوں سے تبدیل کرنا ٹھیک نہیں۔

یہ بھی پڑھیں

آج کے دن دنیا میں کیا کیا اہم واقعات پیش آئے ؟؟

آج کے دن دنیا میں کیا کیا اہم واقعات پیش آئے ؟؟

26 ستمبر ، 1932 – ہندوستان کے مہاتما گاندھی نے 6 دن اور 5 گھنٹے …